اڈپی 25/دسمبر (ایس او نیوز) یہاں سے قریب کارکلا کے ایک گاوں ہیر گانہ میں مبینہ طور پر اولاد نہ ہونے کی وجہ سے رنجیدہ ایک جوڑے نے اپنے ہی گھر میں خود کو نذرآتش کرلیا۔
تاخیر سے ملنے والی اطلاع کے مطابق یہ المناک واقعہ 22دسمبر کو پیش آیا ہے اور اس کا پتہ پڑوسیوں کودوسرے دن چلاجب انہوں نے دیکھا کہ سیتا رام اچاریہ (۵۵سال) کے گھر کی کھپریلوں پر آگ سے جلنے کے آثار ہیں اور دونوں طرف کے دروازے اندر سے مقفل ہیں۔ پھر جب دروازہ توڑ کر اندر دیکھا گیا تو گھر کے پوجا والے کمرے میں سیتارام اور اس کی بیوی سونندا(۵۴سال)دونوں جل کر خاک ہوئے ہیں اور وہاں ان کی تھوڑی سی ہڈیوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں بچا ہے۔
مقامی لوگوں کا خیال ہے کہ اولاد نہ ہونے کی وجہ سے دکھی رہنے والے جوڑے نے منصوبہ بند طریقے پر اپنے آپ کو آگ لگائی ہوگی کیونکہ بہت دنوں سے گھر میں جمع کرکے رکھی گئی لکڑیاں وہاں نہیں تھیں۔ اس کے علاوہ بڑی مقدار میں کافور، اگربتیوں کے علاوہ کچھ صندل کی لکڑی کے ٹکڑے بھی وہاں پائے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی وہ اس بارے میں کوئی حتمی بات کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔غیر فطری موت کا معاملہ درج کرنے کے بعد تحقیقات کی جارہی ہیں۔